ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ہائی کورٹ نے سٹی میونسپالٹی ،ٹاون میونسپالٹی ، پٹن پنچایت کے صدور ونائب صدور عہدوں کی ریزرویشن کو کردیا رد، مگر پھر دی دس دن کی مہلت

ہائی کورٹ نے سٹی میونسپالٹی ،ٹاون میونسپالٹی ، پٹن پنچایت کے صدور ونائب صدور عہدوں کی ریزرویشن کو کردیا رد، مگر پھر دی دس دن کی مہلت

Thu, 19 Nov 2020 20:04:36    S.O. News Service

بھٹکل:19؍ستمبر(ایس اؤ نیوز) ریاست کی تمام سٹی میونسپالٹی، ٹاون میونسپالٹی اور پٹن پنچایت کے صدور ونائب صدور کے متعلق ریاستی حکومت کی طرف سے 8اکتوبر کو جاری کردہ حکم نامے کو ہائی کورٹ نے رد کئے جانے کی اطلاع موصول ہوئی ہے، مگر بتایا گیا ہے کہ ہائی کورٹ کی جانب سے رد کئے جانے کے بعد حکومت کے وکلا ء نے  ڈیویژنل بینچ سے دس دن کی مہلت طلب کی تو  ڈیویژنل بنچ نے اپنے ہی فیصلہ پر بھی اسٹے لگادیا ہے۔

میڈیا میں آئی خبروں کے مطابق ریاستی حکومت کی طرف سے جاری کردہ حکم نامے کےخلاف ہاسن، ارسیکیرہ، کوپل، شڈلگٹہ اور ہری ہر میونسپالٹی، چک بلاپور ضلع باگے پلی کی میونسپالٹی ، کورگ ضلع سوموار پیٹ کی پٹن پنچایت سمیت ریاست کے مختلف مقامات کے مقامی انتظامیہ کے منتخب نمائندوں نے صدورو نائب صدور کے عہدوں کو لے کر داخل کی گئی عرضیوں پر سماعت کرتےہوئے ہائی کورٹ کے جج آر دیوداس  کی پنچ نے جمعرات کو یہ حکم جاری کیا ہے۔

ریاستی ہائی کورٹ نے ریاستی حکومت سے کہا ہے کہ حکومت نے صدور ونائب صدور کے ریزرویشن کی نشاندہی کے موقع پر روٹیشن قانون پر عمل نہیں کیا، اسی لئے اگلے چارہفتوں میں روٹیشن کے مطابق ریزرویشن دے کر دوبارہ اعلامیہ جاری کرے۔

معاملہ کی حقیقت کیا ہے؟:عہدوں کی تقسیم میں روٹیشن پر عمل نہیں کئے جانے کا اعتراض جتاتے ہوئے داخل کی گئی عرضیوں کی سماعت کرتےہوئےہائی کورٹ نے 15اکتوبر کوسٹی  میونسپالٹی صدور و نائب صدور عہدوں کے ریزرویشن اعلامیہ اور 19اکتوبر کو میونسپالٹی اور پٹن پنچایت کے صدور و نائب صدور کی ریزرویشن اعلامیہ پر حکم امتناعی صادر کیاتھا۔ اس کے ساتھ ہی تین وکیلوں پر مشتمل ایک کمیٹی کی تشکیل کرتےہوئے کہاتھا کہ ریزرویشن کی تقسیم کی جانچ کرنےکے بعد رپورٹ سونپیں۔  

سنگل بنچ کی طرف سےصادر کئےگئےحکم امتناعی کے خلاف ریاستی حکومت نے 19اکتوبر کو رٹ داخل کی تھی۔ حکومت کی عرضی کو قبول کرتےہوئے ڈویژن  بنچ نے سنگل بنچ کے حکم امتناعی کو رد کیاتھا اور ریاست کے سبھی میونسپالٹی صدور و نائب صدور کے عہدوں کےانتخابات کو ہری جھنڈی دکھائی تھی ۔ اور یوں سنگل بنچ نے  22اکتوبر کو اپنا حکم امتناعی واپس لے کر 9نومبر سےپہلے صدور و نائب صدور کے عہدوں کا انتخابی عمل مکمل کرنے کا حکومت کو حکم دیاتھا۔ اب ہائی کورٹ نے حکومت کو آرڈر دیاہےکہ وہ اگلے چار ہفتوں میں ریزرویشن کے مطابق دوبارہ اعلامیہ جاری کریں۔

اس سلسلےمیں جب حکومت کی طرف سے وکلاء کی ٹیم نے ہائی کورٹ میں متعلقہ  حکم نامہ پر سوال اٹھاتے ہوئے عرضی داخل کر نے کے لئے مہلت کی درخواست کی تو    ہائی کورٹ کی ڈیویژنل  بنچ نے اس کو قبول کیا ہے اور  ریزرویشن اعلامیہ کو ردکئے جانے والے اپنے ہی حکم پر اگلے 10دنوں تک حکم امتناعی کا فیصلہ سنایا ہے۔


Share: